پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

جہلم میں ضلع امن کمیٹی کا اہم اجلاس، عالمی و ملکی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام اور انتظامیہ کے مابین مؤثر رابطہ اور باہمی اعتماد ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے

جہلم (مخدوم حسین چوہدری سے): میر رضا اوزگن ڈپٹی کمشنر جہلم اور شفیق احمد چوہدری ڈی پی او جہلم کی زیرِ صدارت ضلع امن کمیٹی کا ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی منظرنامے، ملکی سیکیورٹی صورتحال اور ضلع میں امن و امان کی مجموعی کیفیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، سول سوسائٹی نمائندگان، تاجر برادری کے عہدیداران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد موجودہ بین الاقوامی حالات اور ان کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر داخلی استحکام اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ضلع امن کمیٹی کے ممبران کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرتی امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور عمائدین کو اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام اور انتظامیہ کے مابین مؤثر رابطہ اور باہمی اعتماد ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع جہلم میں بھائی چارے، رواداری اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔ علماء کرام نے خطباتِ جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات میں امن، برداشت اور اتحاد کا پیغام عام کرنے کا اعلان کیا۔

مزید برآں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس ایام اور مواقع پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کی جائے گی اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو فراہم کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے ہیلپ لائن اور کنٹرول روم کو فعال رکھنے کا بھی اعلان کیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر امن کمیٹی کے ممبران نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ہر سطح پر مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی، اور کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ یا تخریبی سرگرمی کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button