
موٹروے پولیس کی نئی حدِ رفتار پر سخت عملدرآمد، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز
موٹروے پولیس کے مطابق نئی پالیسی کے تحت موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی کے لیے رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز،موٹروے پولیس کے ساتھ
قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے نئی حدِ رفتار کے نفاذ کے بعد قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق نہ صرف سخت انفورسمنٹ کی جا رہی ہے بلکہ روڈ یوزرز کو آگاہ کرنے کے لیے ملک بھر میں خصوصی مہم بھی جاری ہے۔
موٹروے پولیس کے سنٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق نئی رفتار کی حدود کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کو آگاہی فراہم کرنا بھی ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹول پلازوں، موٹروے انٹرچینجز اور اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ افسران مسافروں اور ڈرائیورز کو نئی رفتار کی حدود سے آگاہ کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مختلف شہروں میں خصوصی بریفنگ کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز کو قوانین کے بارے میں براہ راست رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ یہ کیمپس ٌلاہور،ملتان،فیصل آباد،سیالکوٹ،ساہیوال،خانیوال اور بہاولپورمیں قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو نئی رفتار کی حد، جرمانوں اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق نئی پالیسی کے تحت موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی کے لیے رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح پی ایس وی اور ایچ ٹی وی گاڑیوں کے لیے رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
اسی طرح قومی شاہراہوں پر بھی رفتار کی حدود میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ کار اور ایل ٹی وی کے لیے رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کے لیے رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
ترجمان سید عمران احمد کے مطابق نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران M-2 Motorway پر ایک شہری کو 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 2500 روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک مسافر بس کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق رفتار کی نئی حدود نافذ کرنے کا مقصد سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا، ایندھن کی بچت کو فروغ دینا اور سفر کو مزید محفوظ بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتار گاڑیوں کے باعث ہونے والے حادثات کو کم کرنے کے لیے یہ اقدام انتہائی اہم ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم کو بھی جاری رکھے گی تاکہ تمام روڈ یوزرز قوانین سے مکمل طور پر آگاہ ہوں اور ان پر عمل کریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے مقررہ رفتار کی پابندی کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں کو اپنائیں۔



