پاکستاناہم خبریں

شہباز شریف کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان، ’بوجھ حکومت برداشت کرے گی‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پیٹرول پر 95 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 203 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم میں نے اسے ایک بار پھر مسترد کردیا۔‘

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کی رات سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ’رواں ہفتے مجھے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پیٹرول پر 95 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 203 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم میں نے اسے ایک بار پھر مسترد کردیا۔‘
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھا کر رواں ہفتے اس کا 56 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
وزیراعظم کے مطابق ’عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دو گنا ہو چکی ہیں اور اس حساب سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 544 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 790 روپے فی لیٹر ہونا چاہیے تھی۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’اس کے باوجود حکومت عوام کو پیٹرول 322 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل صرف 335 روپے فی لیٹر کے حساب سے فراہم کر رہی ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’تین ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کا 125 ارب روپے کا تاریخی بوجھ حکومت نے خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ عوام کے کندھوں پر نہ پڑے۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو بھی قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button