کھیل

محمد عامر بھی دبئی روانہ ہو گئے مگر کیوں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی دبئی روانہ ہو گئے ہیں جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی مگر اپنی روانگی کی وجہ نہیں بتائی۔

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی دبئی روانہ ہو گئے ہیں جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی مگر اپنی روانگی کی وجہ نہیں بتائی۔
گزشتہ برس دسمبر میں محمد عامر نے کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے بیان میں انہوں نے اس وقت کے باؤلنگ کوچ وقار یونس اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کیساتھ اختلافات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ انتظامیہ تبدیل ہونے پر سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2010ءمیں مجھ سے جو غلطی ہوئی اس وجہ سے کوچز اور سابق کرکٹرز تنقید کرتے ہیں اور ذہنی اذیت کا باعث بنتے ہیں اور ان حالات میں کرکٹ کھیلنا میرے لئے ممکن نہیں۔
کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس قومی کرکٹر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے ان کے نام پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے بھی محمد عامر کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم اب وہ دبئی روانہ ہو رہے ہیں جس کی اطلاع انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے دی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بابراعظم کی قیادت میں قومی سکواڈ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ چکا ہے جو اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button