وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمت میں اضافے کو لیکر ایسے پروپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم اس دنیا سے علیحدہ کسی سیارے پر رہتے ہیں۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا اگر دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں بھی اس کی قیمت بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے، معاشی مشکلات عارضی ہیں، انڈسٹری، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو مشکلات ہیں، پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائی کا توڑ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے تک کا اضافہ کیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی تھی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔