
By www.vogurdunews.de
نیوز ڈیسک
کوئٹہ: بلوچستان میں مقیم افغان مہاجرین کی چالیس سالہ میزبانی کو شہریوں نے پاکستان کی مخلصانہ روایت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باوجود پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دشمنی ناقابل برداشت ہے۔
بلوچستان کے شہریوں نے افغان مہاجرین کی میزبانی کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے برسوں تک افغان باشندوں کو خلوص، ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبے کے تحت اپنے ہاں جگہ دی۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں نہ صرف افغان شہریوں کو پناہ فراہم کی گئی بلکہ انہیں رہائش، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات بھی مہیا کی گئیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وسائل تک افغان مہاجرین کے ساتھ بانٹے اور ان کے بچوں کا بھی اسی طرح خیال رکھا جیسے اپنے بچوں کا رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے افغان طالبان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس خلوص کے بدلے میں پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دیا گیا جبکہ امن کے لیے اقدامات کرنے کے بجائے شدت پسند عناصر کو پناہ دی جا رہی ہے۔
بلوچستان کے شہریوں کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے رویے پر عوامی سطح پر بڑھتی ہوئی تنقید اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ اس طرز عمل اور دہشت گردی سے سخت نالاں ہو چکے ہیں۔



