پاکستان،ایجنسیاں
پاکستانی کوہ پیما ساجد علی سدپارہ نے دنیا کی پانچویں بلند ترین پہاڑی چوٹی کو بھی سر کر لیا ہے۔ یہ 8485 میٹر بلند چوٹی ماکالو کے پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے اور نیپال میں واقع ہے۔
تین کوہ پیماؤں پر مشتمل ایک ٹیم نے سات شیر پا کے ساتھ اس چوٹی کو سر کیا ہے، جبکہ بعد ازاں خیریت سے چوٹی کے بیس کیمپ میں واپس پہنچنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق اس چوٹی کو تین کوہ پیماؤں نے ہفتے کی صبح سر کیا۔
ساجد علی سد پارہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے عظیم کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے بیٹے ہیں۔ محمد علی سد پارہ فروری 2021 میں کے ٹو کو سر کرنے کی مہم کے دوران جاں بحق ہو گئے تھے۔ ہفتے کے روز ساجد علی سد پارہ نے دنیا کی 14 بڑی چوٹیوں کو سر کرنے کے سلسلے میں شروع کر رکھی اپنی مہم کے سلسلے میں 10 ویں چوٹی کو سر کیا ہے۔ یہ تمام چوٹیاں 8000 میٹر سے زیادہ بلند چوٹیاں ہیں۔
ساجد علی سد پارہ نے اس نئی کامیاب مہم کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا الحمد للہ میں نے ماکالو کو بھی سر کر لیا ہے۔ جو دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار اپنے فیس بک پیج پر کیا ہے۔
اس چوٹی کو سر کرنے کی مہم کا اہتمام ‘الپائن کلب پاکستان’ کی طرف سے کیا گیا تھا۔ یہ کوہ پیمائی کے حوالے سے ایک بڑا ادارہ ہے۔ الپائن کلب نے ساجد علی سد پارہ کو دلی مبارکباد دی ہے کہ انہیں دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی بھی سر کرنے کا موقع ملا۔
الپائن کلب کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی ساجد علی سد پارہ کی حوصلہ مندی اور اولوالعزمی کا ثبوت ہے۔ وہ ایک منفرد اور ماہر کوہ پیما ہیں۔
ساجد علی سد پارہ اس سے قبل کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، گیشر برم 1 اور گیشر برم 2 کے علاوہ دالہاگری کی بلند تر چوٹیاں بھی سر کر چکے ہیں۔



