پاکستاناہم خبریں

پاکستان: معرکۂ حق کے ایک سال کی تکمیل: قومی یکجہتی، سفارتی کامیابی اور دفاعی مضبوطی کی روشن مثال

پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اسٹریٹیجک ادارے اور سیکیورٹی فورسز اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے حامل ہیں

رپورٹ سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں قومی جذبے اور یکجہتی کی ایک نئی لہر دیکھنے میں آئی ہے۔ شوبز انڈسٹری، بزنس کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک فوج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
معروف فنکاروں، انفلوئنسرز اور کاروباری شخصیات نے اپنے پیغامات میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم “بنیان مرصوص” کی طرح متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی اس موقع پر قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ایک مضبوط اور باوقار ملک ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف افواجِ پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
معرکۂ حق کے دوران پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں حمایت حاصل ہوئی۔ چین نے بھارتی جارحیت کے خلاف کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا اور اس کے مؤقف کی تائید کی۔ 5 مئی 2025 کو چینی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔

علاوہ ازیں، ترکیہ، سعودی عرب اور آذربائیجان نے بھی پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ماہرین کے مطابق یہ حمایت پاکستان کی مؤثر سفارت کاری اور اصولی مؤقف کی عکاس ہے، جسے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔
دفاعی محاذ پر بھی پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ گزشتہ سال 5 مئی کو جنگی مشق “انڈس” کے تحت فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جس نے ملک کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا۔ یہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل 120 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ جدید نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس تجربے نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اسٹریٹیجک ادارے اور سیکیورٹی فورسز اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے حامل ہیں، جس کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے۔
تقریبات اور بیانات میں معرکۂ حق کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کی یکجہتی میں ہے، اور یہی اتحاد مستقبل میں ہر چیلنج پر کامیابی کی ضمانت بنے گا۔
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ نہ صرف ایک عسکری کامیابی کی یادگار ہے بلکہ یہ قومی عزم، اتحاد اور سفارتی بصیرت کی ایک روشن مثال بھی ہے، جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار، مضبوط اور خوددار ریاست ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button