اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

بارسلونا میں جشنِ معرکۂ حق کی تاریخی تقریب، یورپ بھر سے پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کے 8 لڑاکا طیارے مار گرائے جبکہ پاکستان نیوی نے اپنی بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے دشمن کے جنگی جہازوں کو ہزاروں میل دور رکھا

بارسلونا: ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن اسپین کے زیرِ اہتمام “جشنِ معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیانٌ مرصوص” کی تکمیل کے حوالے سے ایک شاندار اور تاریخی تقریب منعقد کی گئی جس میں یورپ بھر سے ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تقریب کو یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیری برادری اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ شرکاء پاکستان اور کشمیر کے بڑے بڑے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر بھی نمایاں رہیں۔ اس موقع پر “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد” اور “فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر زندہ باد” کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 2025 میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے تمام ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے پاکستان کی بہادر افواج اور بالخصوص جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کے 8 لڑاکا طیارے مار گرائے جبکہ پاکستان نیوی نے اپنی بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے دشمن کے جنگی جہازوں کو ہزاروں میل دور رکھا۔
ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اگر مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو پاکستان کی بہادر افواج دشمن کو بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
تقریب کی صدارت ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان نے کی جبکہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال کے صدر سید قاسم سجاد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ تحریک آزادیٔ کشمیر کے نوجوان رہنما راجہ حسنین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں مہر افضال آف بزرگوال، چوہدری میاں خان آف ماچھی وال، میاں عاطف نذیر، مہر نواز آف جھنگ، چوہدری قربان مرہانہ، راجہ مدثر بولانی، چوہدری عزیز امرہ، چوہدری سلیم لنگڑیال اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان، کشمیر، قومی یکجہتی اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button