فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائی، ہزاروں لیٹر دودھ تلف، بیکریاں سیل
پشاور : خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ناقص اشیاء کی روک تھام کیلئے ایک ہزار لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ تلف کردیا۔
پشاور : خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ناقص اشیاء کی روک تھام کیلئے ایک ہزار لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ تلف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے مختلف شہروں اور اضلاع میں ناقص اور ملاوٹ شدہ اشیاء کے خلاف کارروائی کرکے کئی اشیاء تلف کردی گئیں۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایک ہزار لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا جب کہ ناقص صفائی پر 2 بیکریاں سیل کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پانی کی ملاوٹ پر 800 لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کیا گیا جب کہ ہری پور سٹی میں مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کرکے پانی کی ملاوٹ پر 300 لیٹر دودھ تلف کیا۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ٹانک بازار میں ڈیری شاپس کا معائنہ کرکے 180 لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کیا اور دکانداروں پر جرمانے عائد کیے جب کہ ایبٹ آباد میں دو بیکریاں سیل کرکے 600 انڈے تلف کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے سوات کے داخلی راستے پر ناکہ بندی کرکے 60 کلو سے زیادہ زائدالمیعاد و مضر صحت اشیا خورد و نوش ضبط کیے گئے۔