کون سے پاکستانی کھلاڑی بھارت کیخلاف میچ کھیلیں گے؟ فیصلہ ہو گیا
پاکستان کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اپ میچ کیلئے میدان میں اترنے والی ٹیم ہی بھارت کے خلاف میچ کھیل سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم مینجمنٹ نے ناصرف بھارت کے خلاف اہم میچ میں سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو میدان میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے بلکہ ٹورنامنٹ کے دیگر میچز میں بھی سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کے ساتھ ہی کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فٹنس مسائل نہ ہونے کی صورت میں وارم اپ میچز کھیلنے والی ٹیم ہی بھارت کے خلاف میچ کھیل سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک اور آصف علی کو دیگر کھلاڑیوں پر ترجیح دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو بھارت کے خلاف میچ کیلئے ضرور میدان میں اتریں گے جبکہ رات کے وقت میچ ہونے کے باعث اوس بھی نتائج میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں ہو چکا ہے جس میں قومی ٹیم اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی جس کے بعد 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف مدمقابل ہو گی۔