
کراچی کے قریب کے ٹو بوئنگ 737 کارگو طیارہ لاپتہ، سرچ آپریشن جاری
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے سمندر میں مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
روئٹرز، اے پی، اے ایف پی اور ڈی پی اے کے ساتھ
پاکستان میں رجسٹرڈ ایک بوئنگ 737 کارگو طیارہ، جس میں عملے کے پانچ ارکان سوار تھے، منگل کی رات شارجہ سے کراچی جاتے ہوئے فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کھو بیٹھنے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔
پاکستانی ایوی ایشن حکام کے مطابق، طیارے نے رابطہ منقطع ہونے سے قبل اپنے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے سے رابطہ بحال کرنے اور اس کی موجودہ صورتحال معلوم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، 27 سال پرانا کارگو طیارہ، جسے کے ٹو ایئرویز (K2 Airways) متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے چلا رہی تھی، ممکنہ طور پر کراچی کے جنوب مغرب میں سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ پروازوں کی نگرانی کرنے والی سروس Flightradar24 کے مطابق، طیارے نے آخری مرحلے میں تیزی سے نیچے آنے سے پہلے بلندی میں کئی غیر معمولی اور اچانک تبدیلیاں دکھائی تھیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے سمندر میں مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب K2 Airways نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ ایئرلائن نے اپنے فیس بک بیان میں کہا،’’ہم اپنے ساتھیوں کی سلامتی کے لیے خلوص دل سے دعاگو ہیں اور اپنی دعائیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘‘
طیارے میں پانچ ارکان پر مشتمل عملہ سوار تھا، اور تاحال ان کی حالت یا طیارے کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اگر ہلاکتوں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو 2020 کے بعد يہ پاکستان میں رونما ہونے والا پہلا مہلک فضائی حادثہ ہو گا۔
پاکستان میں آخری مہلک فضائی حادثہ 22 مئی 2020 کو پیش آیا تھا، جب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کا ایک ایئربس A320 طیارہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران رن وے تک پہنچنے سے پہلے ہی رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس حادثے میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بعد ازاں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پائلٹ کورونا وائرس کی صورتحال پر گفتگو میں مصروف تھے اور لینڈنگ کے دوران ضروری طریقہ کار پر مکمل توجہ نہ دے سکے، جس کے نتیجے میں لینڈنگ کی کوشش ناکام رہی اور طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
موجودہ لاپتہ بوئنگ 737 کارگو طیارے کے بارے میں حکام کی جانب سے تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ عملے کے پانچوں ارکان کی حالت کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ اور مصدقہ حقائق سامنے نہیں آئے ہیں۔



