کاروبار

لیسکو حکام کی بجلی چوری میں ملوث سرکاری اداروں، لیسکو اہلکاروں اور بااثرشخصیات کے خلاف بھی کارروائی

تازہ کارروائیوں کے دوران ایسٹرن سرکل میں واقع کوئین میری کالج کے ہاسٹل میں بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی، ہاسٹل میں ٹمپر میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرکے 40کمروں اور ایک کنٹین کو بجلی فراہم کی جارہی تھی

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو ریجن کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بغیر کسی تفریق کے کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران سرکاری اداروں، لیسکواہلکاروں اور بااثر شخصیات کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ تازہ کارروائیوں کے دوران ایسٹرن سرکل میں واقع کوئین میری کالج کے ہاسٹل میں بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی، ہاسٹل میں ٹمپر میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرکے 40کمروں اور ایک کنٹین کو بجلی فراہم کی جارہی تھی، لیسکو حکام نے ٹمپر شدہ میٹر کو قبضے میں لے کر ہاسٹل انتظامیہ کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 8508یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔ ایسٹرن سرکل میں ہی ماشااللہ نامی نجی ہاسٹل میں بجلی چوری پکڑی گئی، ہاسٹل انتظامیہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کرکے 18900ڈٹیکشن بل چارج کردیا گیا ہے، ننکانہ سرکل کے علاقے کوٹ حسین کے پبلک ہیلتھ یونٹ کا سرکاری میٹر ٹمپر شدہ پایا گیا، دوران ٹیسٹنگ میٹر کی رفتار 33فیصد کم تھی، مذکورہ کنکشن کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 4563یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔ بڑا گھر سب ڈویژن کے علاقے میں ایس ڈی او کے حکم کے باجود بجلی چور کا کنکشن منقطع نہ کرنے پر میٹر ریڈر محمد حسین کو معطل کردیا گیا۔ نارتھ سرکل کے علاقے سلطان پورہ میں پیپلزپارٹی کی سابق کونسلر میڈم عطیہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کرتی پکڑی گئیں، ملزمہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ شرقپور کے علاقے میں معروف سماجی شخصیت سیٹھ اشرف بجلی چوری میں ملوث نکلے، ملزم ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہا تھے، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
سنٹرل سرکل کی واپڈا ٹاؤن سب ڈویژن میں ہما پلازہ نامی کثیر المنزلہ عمارت میں بجلی کی چوری پکڑی گئی، پلازہ کی انتظامیہ لائٹ ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی، پلازہ کی انتظامیہ چوری کی بجلی 15فلیٹس اور 4دکانوں کو سپلائی کی جارہی تھی،موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چوری میں استعمال ہونے والی تاریں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ننکانہ سرکل کے علاقے گوگیرہ میں معروف سماجی رہنما میاں نذرالرحمان ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگاکر بجلی چوری کرتا پکڑا گیا، ملزم چوری کی بجلی گھراور ڈیرے کو سپلائی کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقامی تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button