’شائقین کرکٹ سمجھ لیں کہ یہ صرف کھیل ہے‘ راشد خان کا پاکستان کیخلاف میچ سے قبل اہم بیان
افغانستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلر راشد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہمیشہ ہی بہترین کرکٹ میچ ہوتا ہے
دبئی: افغانستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلر راشد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہمیشہ ہی بہترین کرکٹ میچ ہوتا ہے اور جو ٹیم بھی بہتر کھیلے گی وہ جیتے گی، شائقین کرکٹ کو یہ بات قبول کرنی چاہئے اور پرامن رہتے ہوئے صرف اور صرف کرکٹ سے محظوظ ہونا چاہئے۔
راشد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 2019ءورلڈکپ میں پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران اور بعد میں جو کچھ بھی ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے، کرکٹ دو قوموں کو قریب لانے میں مدد کرتی ہے، جو بھی بہتر کھیلے گا وہ جیتے گا اور شائقین کرکٹ کو یہ بات قبول کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ 29 جون 2019 کو پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں کی وکٹیں گرنے پر افغان شائقین کا جوش اور جذبہ غصے میں بدل گیا جو انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے بازی کرتے مداحوں پر نکالا۔
پہلے سٹیڈیم کے اندر پاکستانی کرکٹ مداحوں سے الجھنے پر افغانستان کے شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم سے باہر نکالا گیا اور پھر ہیڈنگلے کرکٹ سٹیڈیم کے باہر موجود پاکستانی کرکٹ کی شرٹ پہنے نوجوانوں پر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کیا جس پر سیکیورٹی والوں نے 2 افغان مداحوں کو گرفتار بھی کیا۔