
سید عا طف ندیم-ادارت
صدرِ آصف علی زرداری نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دے دی ہے۔
بدھ کو صدر مملکت نے اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری کے علاوہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری بھی دی ہے۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں، الاؤنسز، پنشن وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی بھی منظوری دی۔ ہائیکورٹ ججز کے رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
خیال رہے اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت ملک کی مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری سے متعلق سمری کی منظوری کا معاملہ التوا کا شکار تھا۔
اس کے خلاف پچھلے ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دی گئی تھی۔
درخواست میں صدر مملکت اور وزیراعظم کو بذریعہ سیکریٹری، وزارت قانون و انصاف اور سیکریٹری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا تھا۔
اس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 20 اور 21 جولائی کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی کی سفارش کی۔ اس میں 19 ججز کی تعیناتی اور پانچ کو مستقل کیے جانے کی سفارش شامل تھی۔
درخواست میں سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں کا حوالہ دیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی کم تعداد کے باعث انصاف کی فراہمی کا نظام متاثر ہو رہا ہے اور مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔



