
پنجاب حقیقی طور پرترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوچکا ہے، مریم نواز شریف
ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صوبے میں ہیلتھ انیشیٹو عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں
انصار ذاہد سیال-پاکستان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لودھراں کے ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی امور، ترقیاتی پراجیکٹس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو اپنے حلقوں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہنے کی ہدایت کی۔ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لودھراں میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ارکان صوبائی اسمبلی کے مطابق شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا روٹس پر الیکٹروبس کامیابی اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صوبے میں ہیلتھ انیشیٹو عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل طور پر فعال ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ای بز اور مریم کی دستک پورٹل کی بدولت پنجاب سروسز ٹیکنالوجی میں لیڈ کرے گا۔ پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوچکا ہے۔



