
سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے، ترجمان سیف سٹیز
لاہور کوٹ لکھپت،گرین ٹاؤن، بہاولپور اور بہاولنگر سے گم ہونے والے بچوں کو والدین سے ملوایا گیا
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):سیف سٹی نے مزید 4 گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف علاقوں کوٹ لکھپت،گرین ٹاؤن، بہاولپور اور بہاولنگر سے گم ہونے والے بچوں کو والدین سے ملوایا گیا ہے۔ایمرجنسی 15(ون فائیو) پر 5 سالہ نور فاطمہ، 6 سالہ کنول بتول،7سالہ سفیان اور اڑھائی سالہ کومل کی گمشدگی کی کالز موصول ہوئیں۔ورثاء کی جانب سے بچوں کی گمشدگی کی کالز 15 ایمرجنسی پر کی گئیں۔دوسری جانب بچوں کے ملنے کی کالز بھی موصول ہوئیں۔بچے والدین سے کھو گئے یا گھروں کا راستہ بھول گئے تھے۔لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر نے کالز کا موازنہ کرتے ہوئے تصدیق کے بعد بچوں کو والدین کے حوالے کیا ۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھاکہ سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے۔شہری کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فورا 15 پر اطلاع دیں۔