
جنگلی حیات کے تحفظ اور گرین پنجاب کے فروغ میں تاریخی پیش رفت، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں دو برس میں غیر معمولی اقدامات: مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جنگلی حیات کے تحفظ کو محض ایک سرکاری ذمہ داری کے بجائے ایک سماجی اور ماحولیاتی تحریک کی شکل دی گئی ہے
سید عاطف ندیم-ادارت
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ دو برس کے دوران ماحولیات، جنگلات اور جنگلی حیات کے شعبے میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ اور مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش، بحالی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، قانون سازی اور عوامی آگاہی کے میدان میں پنجاب حکومت نے ایسے منصوبے متعارف کرائے ہیں جو ماضی میں اپنی مثال آپ ہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جنگلی حیات کے تحفظ کو محض ایک سرکاری ذمہ داری کے بجائے ایک سماجی اور ماحولیاتی تحریک کی شکل دی گئی ہے، جس کا مقصد قدرتی وسائل کا تحفظ، ماحول دوست طرز زندگی کا فروغ اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہے۔
پاکستان کا پہلا عالمی معیار کا وائلڈ لائف ہسپتال
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں عالمی معیار کے مطابق پاکستان کی تاریخ کا پہلا وائلڈ لائف ہسپتال قائم کیا گیا، جہاں زخمی، بیمار اور ریسکیو کیے گئے جنگلی جانوروں اور پرندوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال میں جدید تشخیصی سہولیات، علاج، بحالی اور جانوروں کی نگہداشت کے بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا گیا ہے، جس سے جنگلی حیات کے تحفظ کے شعبے میں ایک نئی مثال قائم ہوئی ہے۔
پاکستان کا پہلا سیون ڈی وائلڈ لائف سینما
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام میں جنگلی حیات کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے پاکستان کی تاریخ کا پہلا سیون ڈی وائلڈ لائف سینما قائم کیا گیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کو جنگلی حیات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کے مطابق یہ منصوبہ تفریح کے ساتھ ساتھ تعلیمی مقاصد بھی پورے کرتا ہے اور لوگوں کو قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کی اہمیت سے آگاہ کرتا ہے۔
جنگلات میں عملی تجربات پر مبنی سیر
انہوں نے کہا کہ بچوں، خواتین اور ہر عمر کے افراد کے لیے جنگلات میں عملی تجربات پر مبنی سیر کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ لوگ قدرتی ماحول کو قریب سے دیکھ سکیں اور جنگلات و جنگلی حیات کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق یہ اقدامات ماحولیاتی شعور کے فروغ اور عوام کو قدرتی وسائل کے تحفظ میں شریک کرنے کی ایک کوشش ہیں۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی پہلا وائلڈ لائف سروے
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی وائلڈ لائف سروے کرایا، جس کا مقصد جنگلی حیات سے متعلق درست اعداد و شمار کا حصول تھا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جانوروں اور پرندوں کی تعداد، ان کی نقل و حرکت اور تحفظ کے تقاضوں کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی، جس سے مؤثر پالیسی سازی ممکن ہو سکے گی۔
ٹری کیفے اور جراف کیفے کا قیام
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شجرکاری مہم اور گرین پنجاب کے وژن کو فروغ دینے کے لیے مختلف شہروں میں ٹری کیفے قائم کیے گئے، جبکہ زرافوں کی افزائش اور عوامی آگاہی کے لیے جراف کیفے کا بھی آغاز کیا گیا۔
ان کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد لوگوں کو ماحول دوست سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور جنگلی حیات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
جانوروں کی درآمد پر پابندی ختم
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جنگلی حیات کی افزائش بڑھانے کے لیے جانوروں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کی گئی، جس سے مختلف انواع کے تحفظ اور افزائش کے امکانات میں اضافہ ہوا۔
چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب بھر کے چڑیا گھروں کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کی گئی، جس سے جانوروں اور پرندوں کی رہائش، خوراک اور دیکھ بھال کے معیار میں بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے عوام کو تفریح اور تعلیم کے بہتر مواقع بھی میسر آئے ہیں۔
جانوروں اور پرندوں کے ریسکیو مراکز
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب بھر میں جانوروں اور پرندوں کو غیر قانونی قید اور جبری حراست سے نجات دلانے کے لیے ریسکیو مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برس میں 50 ہزار سے زائد پرندے اور ایک ہزار سے زیادہ نایاب جنگلی جانور بازیاب کرائے گئے، جن میں 38 ریچھ بھی شامل ہیں۔
خصوصی ریسکیو نظام
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے 13 خصوصی ریسکیو گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ، موبائل ویٹرنری کلینک اور تین ریسکیو و بحالی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو زخمی اور متاثرہ جانوروں کی فوری مدد فراہم کرتے ہیں۔
قانون سازی اور وائلڈ فورس کا قیام
انہوں نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے قانون سازی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مریم اورنگزیب کے مطابق وائلڈ لائف ایکٹ 2024 کے تحت سیکشن 7 سے 13 تک کے جرائم کو ناقابل ضمانت قرار دیا گیا، جبکہ پہلی مرتبہ خصوصی وائلڈ فورس قائم کی گئی تاکہ غیر قانونی شکار، اسمگلنگ اور جنگلی حیات کے خلاف جرائم کی مؤثر روک تھام کی جا سکے۔
پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچواری
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت پنجند انڈس ریور ڈولفن وائلڈ لائف سینکچواری کا قیام ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈولفن کے تحفظ اور افزائش کے لیے جام پور سے گڈو بیراج تک تقریباً 197 کلومیٹر طویل دریائی پٹی کو محفوظ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
گرین پنجاب وژن
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ایک سرسبز، صاف اور ماحول دوست پنجاب کی تشکیل ہے، جہاں جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کو محفوظ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں کیے گئے اقدامات ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک نئی سمت متعین کرتے ہیں اور یہ کوششیں آئندہ برسوں میں بھی جاری رہیں گی۔



