
وزیراعظم آفس کے ساتھ
نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کی اہمیت پر زور دینے کے ساتھ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔
شہباز شریف اپنے خطاب میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی معاملات پر پاکستان کی ترجیحات بھی بیان کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کے دوران عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی و عالمی صورتحال، باہمی تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیر کو نیویارک پہنچ چکے ہیں۔ وہ جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ مختلف اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور سے متعلق مؤقف پیش کریں گے۔
پاکستانی قیادت کا جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مؤقف ایسے وقت میں سامنے آئے گا جب عالمی سطح پر علاقائی تنازعات، سلامتی کے مسائل، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی چیلنجز اہم عالمی موضوعات بنے ہوئے ہیں۔



