
محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظرعلماء کرام، امن کمیٹی ممبران، مجالس و جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز سے مل کر موثر اقدامات کرنے کی ہدایت
ایس ایس پی(انوسٹی گیشن) اور ڈویژنل ایس پیز کوقتل اور راہزنی کے مقدمات کی موثر مانیٹرنگ اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت،محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی اورغفلت کی کوئی گنجائش نہیں،فرائض میں غفلت اور عدم دلچسپی کی صورت میں محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی): سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس آفس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہورنے محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظر متعلقہ افسران کو علماء کرام، امن کمیٹی ممبران، مجالس و جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز سے مل کر موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔سربراہ لاہور پولیس نے ایس ایچ اوز اور انچارج (انوسٹی گیشن) کو پیر کے روز تک پینڈنگ کیسز اور روڈ سرٹیفکیٹس نمٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ پینڈنگ کیسز،روڈ سرٹیفکیٹس کو جلد سے جلدیکسو کیا جائے وگرنہ سختی سے نمٹا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عادی چوروں، ڈاکوؤں،اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اورمنشیات فروشی اور مساج سنٹرزکے مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرہ تنگ کیا جائے۔انہوں نے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کیں۔
سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ اوز موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگز کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں،کوتاہی قابل ِ قبول نہیں ہوگی۔بلال صدیق کمیانہ نے ناقص کارکردگی کے مرتکب ایس ایچ اوز اور انچارج (انوسٹی گیشن) کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں دلجمی سے ادا کریں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ ایس پیز کو روزانہ کی بنیاد پر ایس ایچ اوز اور انچارج (انوسٹی گیشن) کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی اورغفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔فرائض میں غفلت اور عدم دلچسپی کی صورت میں محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے ایس پیز کو تھانوں کو چور، ڈکیت اور اشتہاری پکڑنے کیلئے ٹارگٹ دینے کی ہدایت کی۔سی سی پی لاہورنے مقدمات کے چالان کی تکمیل،روڈپینڈینسی کا خاتمہ اور ریکوری میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔
بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایس پی(انوسٹی گیشن) اور ڈویژنل ایس پیز کوقتل اور راہزنی کے مقدمات کی موثر مانیٹرنگ اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے ٹارگٹس مقررہ وقت میں پورے کریں اور پول کام سافٹ ویئر میں زیر ِتفتیش مقدمات اور روڈ سرٹیفکیٹس کے ریکارڈ کا اندراج یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انوسٹی گیشن کیسزکے فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر قائم مقام ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ڈی آئی جی (آپریشنز)علی ناصر رضوی،ایس ایس پی(آپریشنز)صہیب اشرف،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن) بھی اجلاس میں موجود تھے۔