اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے، کوئی خطرے کی بات نہیں ہے ، عمران خان 5سال پورے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سپریم کورٹ پہنچ گئے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی خطرے کی بات نہیں ہے، اللہ کے فضل سے عمران خان 5سال پورے کریں گے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے ، سپریم کورٹ سب سے بڑا ادارہ ہے ، مجھے کنفرم نہیں ہے کہ وزیراعظم آرہےہیں یا نہیں، اگر وزیراعظم آرہے ہیں تو وہ سپریم کورٹ کی بات سنیں گے۔
انھوں نے کہا کوئی گیم شروع نہیں ہورہی گیم صرف عمران خان ہے، سپریم کورٹ کےفیصلے پر اٹارنی جنرل بہتر بیان دے سکتے ہیں، میں احتیاط کےطورپرآیاہوں پتانہیں وزیراعظم آرہےہیں یانہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اٹارنی جنرل ہوں اور نہ ہی قانونی ماہر ، فارن منسٹراورانفارمیشن منسٹربہتررائےدےسکتےہیں ، سارے مسائل کی ذمہ داروزارت داخلہ نہیں ہے، اگروزیراعظم آئے توان کے ساتھ اندر جاؤں گا۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وزیراعظم عمران خان کو آج ہی طلب کیا ہے ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا وزیراعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا وزیراعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا، وزیراعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب یہ سنجیدگی کا عالم ہے؟ وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے ، ایسے نہیں چلے گا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سب سے نازک اورآسان ہدف اسکول کےبچے تھے، ممکن نہیں دہشت گردوں کواندر سے سپورٹ نہ ملی ہو جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بچوں کو ایسے مرنے نہیں دے سکتے۔