لاہور : پنجاب میں عرصہ دراز سے زیرالتوا مختلف محکموں کے 29ہزار950 ملازمین کی اپ گریڈیشن کردی گئی ، محکموں میں محکمہ جیل ، حکمہ سماجی بہبود اور محکمہ جنگلات کے ملازمین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چھوٹےسرکاری ملازمین کے لیے پی ٹی آئی حکومت نے اقدام اٹھاتے ہوئے عرصہ دراز سے زیرالتوا مختلف محکموں کے 29ہزار950 ملازمین کی اپ گریڈیشن کردی۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی نے اپ گریڈیشن کی منظوری دی ، راجہ بشارت نے بتایا محکمہ جیل کے 14ہزار 387وارڈرزکاگریڈ 5 سے 7 کردیاگیا۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ 1520 ہیڈوارڈرز کا گریڈ7 سے 9 جبکہ 162 چیف وارڈرز کاگریڈ 9 سے 11کردیا گیا جبکہ تمام محکموں کے 373 ٹیلی فون آپریٹرز کا گریڈ 7 سے بڑھا کر 11کردیاگیا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا تمام محکموں کے11ہزار184ڈرائیوروں کااسکیل 4 سے 5 ، محکمہ سماجی بہبود کے 695 سپروائزروں کا گریڈ 9 سے 11 کر دیا گیا ہے۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اسی طرح محکمہ جنگلات کے 928 واچرز اور 30ہیڈ واچرزکا گریڈ 5 اور 7 سے 9 ، محکمہ جنگلات کے 162 وائلڈ انسپکٹرز کاگریڈ 9 سے 11 جبکہ محکمہ ہائرایجوکیشن کے 458 کیئر ٹیکرز کا گریڈ9سے 11 کر دیا ہے۔