مظفر آباد: او آئی سی کے وفد نے مظفرآباد میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور ایل اوسی سمیت کشمیرکی صورتحال کامشاہدہ کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے کشمیرسے متعلق خصوصی نمائندہ وفد نے مظفرآباد کا دورہ کیا ، سعودی عرب،مراکش،سوڈان،مالدیپ سفارتکاروں کے وفد کی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وفد نے مظفرآباد کے قریب مہاجر کیمپ کا دورہ کیا، اس موقع پر وفد کو مقبوضہ کشمیرسے آئے مہاجرین کی بحالی پر بریفنگ دی گئی جبکہ وفد نے فنی تربیتی مرکزکا بھی دورہ کیا، جہاں مہاجرین سے بات چیت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ او آئی سی وفد نے یواین فوجی مبصر گروپ کے ارکان سے بھی ملاقات کی ، جس میں وفد کو ایل اوسی مانیٹرنگ میکنزم سمیت تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے صدراوروزیراعظم آزادکشمیر سے بھی ملاقاتیں کی اور ایل اوسی سمیت کشمیرکی صورتحال کامشاہدہ کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔
گذشتہ روز اوآئی سی کے وفد نے ایل اوسی کا بھی دورہ کیا تھا۔