کھیل

آسٹریلیا سے سیمی فائنل میں شکست پر بابر اعظم کو خط موصول، کپتان نے کیا جواب دیا؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہار کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک ننھے کرکٹ فین کا دل کو موہ لینے والا خط موصول ہوا تو اب کپتان بابر اعظم بھی اس خط کا جواب دئیے بغیر نہ رہ سکے۔
کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے ایک آٹھ سالہ ہارون نامی بچے نے قومی کرکٹ ٹیم سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے قومی ٹیم اور بابر اعظم کے نام ایک خط کی صورت میں پیغام تحریر کیا۔
قومی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ننھے ہارون نے قومی ٹیم کی کینگروز کے خلاف کاکردگی کو سراہا اور مزید لکھا کہ وہ بھی مستقبل میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کپتان بنیں گے۔
قومی ٹیم کے ننھے مداح نے کپتان بابر اعظم سے درخواست کی کہ وہ قومی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کے آٹو گراف بھیجیں۔
تاہم اب اس خوبصورت خط کے جواب میں بابر اعظم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے خصوصی پیغام لکھا۔ انہوں نے ہارون کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ محنت، ہمت اور لگن سے کچھ بھی حاصل کر سکتے ہو۔ اور یقیناً تمہیں آٹوگرافس ضرور ملیں گے مگر انہیں بھی مستقبل کے کپتان کے آٹو گراف کا شدت سے انتظار رہے گا۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں ناقابل شکست رہنے والی قومی ٹیم کو سیمی فائنل مقابلے میں آسٹریلیا سے ہار کا منہ دیکھا پڑا تھا جس کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر اپنے اختتام کا پہنچ گیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button