لاہورجوڈیشیل کمپلیکس کے باہر باپ بیٹے پر فائرنگ، ایک جاں بحق
فیاض احمد دیو کی ایس ایس پی آپریشنز کو فوری موقعہ پر پہنچنے کی ہدایت، سی سی پی او لاہور کا فوری ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان گرفتار کرنے کا حکم
لاہور: جوڈیشیل کمپلیکس کے باہر پیشی پر آئے باپ بیٹے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ لاہور سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے پر نامعلوم افراد نے پیشی پر آئے دو افراد پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، جب کہ ملزمان پولیس اہلکار کے سامنے سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی اور ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو اسپتال پہنچا گیا، جہاں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالسلام اور زخمی ہونے والا سہیل ہے جو عبدالسلام کا بیٹا ہے، مقتول اور زخمی سادھوکی کے رہائشی تھے اور پیشی پر سیشن کورٹ لاہور آئے تھے۔
پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے، جب کہ سی سی پی او لاہور نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔