شہید کبھی نہیں مرتا بلکہ تاحیات یاد رکھا جاتا ہے:سی سی پی او لاہور
سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ شہدا پولیس کا امن کے قیام اورملک دشمن عناصر کی سرکوبی میں کلیدی کردار ہے۔شہید کی موت قوم کی حیات ہے کیونکہ شہید کبھی نہیں مرتا بلکہ تاحیات یاد رکھا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے آج شاہدرہ کے دورہ کے موقع پرشہید اے ایس آئی وارث علی اور شہیدکانسٹیبل محمد افضل کے ورثا سے ملاقات کے دوران کیا۔ایس ایس پی ایڈمن مبشر میکن،ڈی ایس پی شاہدرہ آغا ناصر،دیگر افسران ہمراہ تھے۔سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے شہید اے ایس آئی وارث علی کے صاحبزادوں علی رضا،حماد وارث اور یوسف وارث جبکہ شہید کانسٹیبل محمد افضل کے صاحبزداوں حسان علی اور واصد علی سے الگ الگ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔سی سی پی او اور دیگر سینئر پولیس افسران نے پولیس شہداء کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔سربراہ لاہور پولیس نے شہدا کے ورثا کو پھول اور امدادی رقوم بھی پیش کیں۔ فیاض احمد دیو نے کہا کہ شہدا کے ورثاء ہماری فیملی ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ایس ایس پی ایڈمن مبشر میکن نے کہا کہ شہدا کے ورثا کو شہدا پیکج کے مطابق تیار گھر، تمام واجبات اور ریٹائرمنٹ کی مدت تک پوری تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنائی گئی ہے،اس کے علاوہ شہدا کے تعلیمی قابلیت پر پورا اترنے والے بچوں کو محکمہ پولیس میں ملازمت بھی دی جا رہی ہے۔