
سیاح مری اور دیگر شمالی علاقوں میں جانے سے پہلے موسمی حالات سے آگاہی حاصل کر کے سفر کا آغاز کریں، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے کے پروونشیل کنٹرول روم سے مری میں برفباری کی مانیٹرنگ کا عمل جاری بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور مری جانے والے سیاحوں کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز سمیت تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے کہا ہے کہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کا سلسلہ کل رات سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ محکمہ جات کا عملہ اور مشینری برف ہٹانے میں مسلسل مصروف عمل ہے اور پی ڈی ایم اے کے پروونشیل کنٹرول روم سے مری میں برفباری کی مانیٹرنگ کا عمل جاری بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور مری جانے والے سیاحوں کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز سمیت تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے فیصل فرید نے کہا کہ سیاح مری اور دیگر شمالی علاقوں میں جانے سے پہلے موسمی حالات سے آگاہی حاصل کر کے سفر کا آغاز کریں اور سیاح مکینکلی طور پر فٹ گاڑی کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہا کہ منفی ٹمپریچر ہونے کی وجہ سے گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکیوڈ کا استعمال کریں اور اپنی گاڑیوں کے فیول ٹینک فل رکھیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برفباری والے علاقوں میں جانے والے سیاح گرم ملبوسات اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور ہمراہ رکھیں ، برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال لازمی کریں اور گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشے مکمل طور پر بند نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ مری میں دوران برفباری کسی بھی صورت گاڑیوں کی ڈبل لائن نہ بنائیں اور روڈ پر کھڑے ہو کر سیلفیاں بنانے سے گریز کریں ، برفباری کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اورٹیکنگ سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر من و عن عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے افسران و جوان سخت سردی میں آپ کی سہولت کے لیے ہیں انکے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔