کھیل

سانحہ مری ، پاکستان کے لیے مکمل تباہی ہے، وسیم اکرم

سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ وہ سانحہ مری کے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاگو ہیں۔

 وسیم اکرم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مری میں پیش آنے والے سانحے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اُن کی فیملی بھی پورے پاکستان کی طرح سانحہ مری میں ضائع ہونے والی جانوں کے لیے دعا کر رہی ہے‘۔

سابق پاکستانی بولر نے مزید لکھا کہ’مری میں غیر متوقع برفباری میں پھنس جانے والے خاندانوں کے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ ہم ایسی صورتحال میں زائد سیاحت کا استقبال کرنے کے لیے تیار نہیں تھے‘۔

 وسیم اکرم نے سانحہ مری کو پاکستان کے لیے مکمل تباہی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملکۂ کوہسار مری میں برف باری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی ہے، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سےترجمان پولیس کا کہنا ہےکہ مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا ہے۔

مری میں شدید برف باری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے درخت گرے، جبکہ تمام سیاحوں کو رات سے پہلے ہی محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زائد فیملیز کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے، راستے آج بھی بند رہیں گے۔

تاہم، امدادی کاموں میں تیزی آنے کے باوجود بھی سیاح انتظامیہ کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button