وزیراعلیٰ پنجاب کی پی ایس ایل کے آغاز پر تمام ٹیموں کو مبارکباد
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ 7 کے آغاز پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان سپر لیگ 7 میں شریک تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ 7 کے آغازپرپاکستان کرکٹ بورڈ اورملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام میچ دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں اور امید ہے کہ شائقین کو کرکٹ کے شاندار میچ دیکھنے کو ملیں گے۔ میچوں سے شائقین کرکٹ کو بہترین تفریح کا موقع ملے گا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ7 کے انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام جا رہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور پاکستان کے عوام کھیلوں بالخصوص کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچوں کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے۔