اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انصاف اور تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ لیگل سسٹم ٹھیک ہونے تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوسکتی۔
اسلام آباد میں فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فوجداری قانون میں اصلاحات سے طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے گا۔ فروغ نسیم اور ان کی ٹیم نے اچھا کام کیا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ پہلی بار قانون میں بہتری کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انگریز جو قانون کا نظام چھوڑ کر گیا وہ اوپر کے بجائے نیچے جانا شروع ہوگیا۔ کمزور لوگوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں طاقتور آزاد ہیں۔ عام آدمی کا جرم اس کی غربت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور صحت کا نظام آہستہ آہستہ نیچے گیا۔ پاکستان میں تعلیم اور صحت کے سسٹم کو تباہ کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانیز ہیں۔ 90 لاکھ بیرون ملک پاکستانیوں کی آمدن 22 کروڑ پاکستانیوں کے برابر ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں رول آف لا پر اعتماد نہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے ملک میں سرمایہ کاری شروع کردی تو ہمیں کہیں ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر چل رہا ہے لیکن یہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرتے۔ میں جانتا ہوں اوورسیز پاکستانیوں کا مسئلہ کیا ہے۔ پاکستان کو ریکوڈک کیس سے بہت نقصان ہوا۔6 ارب ڈالر جرمانہ بھرنا پڑا۔