سر براہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے دیگر افسران کے ہمراہ شٹل بس سروس پر سوار ہوتے ہوئے سہولیات کا جائزہ لیا
پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیزن سیون کے صوبائی دارلحکومت میں جاری میچز میں شائقین کی سو فیصد آمد کے حکومتی فیصلے کے بعد لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں
لاہور پاکستان(وائس آف پیپل):پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیزن سیون کے صوبائی دارلحکومت میں جاری میچز میں شائقین کی سو فیصد آمد کے حکومتی فیصلے کے بعد لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے آٹھویں اور سیریز کے تیئسویں میچ کے پر امن انعقاد کے لئے سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو کی قیادت میں لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے آج ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان، ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ اور پولیس و انتظامیہ کے سینئر افسران کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظاماے کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر، ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن( ر) مستنصر فیروز اور دیگر پولیس افران ان کے ہمراہ تھے۔ سی سی پی او لاہور نے ڈی سی لاہور اور دیگر افسران کے ہمراہ شائقین کرکٹ کے لئے شروع کی گئی شٹل بس سروس میں سفر کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹیڈیم میں انکلوژر کا بھی دورہ کیا جہاں شائقین کرکٹ نے محفوظ ماحول میں ورلڈ کلاس کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے پر انہیں دیکھ کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے کے لئےڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان اور سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کی زیر نگرانی سکیورٹی و ٹریفک کے مربوط انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو اور سینئر پولیس افسران نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ٹیموں کے روٹس،سٹیڈیم کے انٹری پوائنٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے تعینات پولیس افسران اورجوانوں کو انتہائی الرٹ ہو کرڈیوٹی کرنے،شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ٹیموں کی سیکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو مکمل فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میچز سکیورٹی کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن میں ہیں۔سی سی پی او لاہور نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے پی ایس ایل ٹیموں کی قیام گاہوں سے سٹیڈیم روانگی کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔پی ایس ایل دوسرے مرحلے کے میچز کی سکیورٹی پر 08 ہزار سے زاہد پولیس افسران، جوان اور لیڈیزاہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔