عمران خان کی حکمت عملی نے امپورٹڈ حکومت کو اپنے ہی جال میں پھنسا دیا ہے۔ عباس علی شاہ
وزیر جنگلات عباس علی شاہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو الوداع کہنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔ قوم 26 نومبر کو الیکشن کے اعلان کی صورت میں خوشخبری سنے گی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر جنگلات عباس علی شاہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو الوداع کہنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔ قوم 26 نومبر کو الیکشن کے اعلان کی صورت میں خوشخبری سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا آخری پراؤ عام انتخابات کی تاریخ ملنے تک رہے گا۔ عمران خان خود اس کی قیادت کیلئے موجود ہوں گے جس سے کارکنوں کا جوش و جذبہ مزید بڑھے گا۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکمت عملی نے امپورٹڈ حکومت کو اپنے ہی جال میں پھنسا دیا ہے۔ عام انتخابات کی راہ ہموار ہو رہی ہے مگر شریف برادران شکست کے خوف سے الیکشن سے راہِ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف الیکشن ہیں مگر امپورٹڈ حکومت کی موجودگی میں ملکی مسائل کا حل اور شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ عباس علی شاہ نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد رنگ لانے والی ہے۔ تاریخ گواہ رہے 27 نومبر کا سورج قوم کیلئے انتخابات کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی تیاری پوری رکھے، 26 نومبر کے بعد اس کا کام بڑھنے والا ہے۔