مشرق وسطیٰ

سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اولین ترجیح ہے۔زاہد اختر زمان

سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مالی امداد کے لیے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مالی امداد کے لیے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی زیر قیادت متعلقہ اداروں نے دشوار گزار اور کٹھن راستوں سے گزرتے ہوئے سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں کی بستی بستی اور گھر گھر جا کر شفاف سروے کو یقینی بنایا ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نے بتایا کہ سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل بذریعہ بینک آف پنجاب شروع کر دیا گیا ہے۔ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور عیسی خیل میں بینک آف پنجاب کی 25 برانچز سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے عمل کو یقینی بنا رہی ہیں اور متعلقہ برانچز میں سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم بھی قائم کیے گئے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے بتایا کہ بینک آف پنجاب سے مالی امداد وصول کرنے والے افراد کا بائیو میٹرک ڈیٹا اور ویڈیوز ریکارڈ بھی لیا جا رہا ہے اور حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب زدگان کو مالی امداد کے لیے 12 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم تقسیم کر رہی ہے۔حکومت پنجاب پکے گھر کے گرنے پر 04 لاکھ اور کچے گھر کے گرنے پر 02 لاکھ روپے کی مالی امداد دے رہی ہے اور پکے گھر کے جزوی نقصان پر 02 لاکھ اور کچے گھر کے جزوی نقصان پر 50 ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مویشیوں اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جا رہا ہے اور سیلاب میں معذور اور زخمی ہونے والے افراد میں بھی مالی امداد کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری بحالی اولین ترجیح ہے اور پی ڈی ایم سیلاب متاثرین کے گھروں کی پائیدار تعمیر کے لیے ہدایت نامہ کی فراہمی کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، پلوں اور نہروں کی بحالی پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button