ہر ضلع میں یونیورسٹی اور صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ بڑے شہروں کی طرف عوام کی ہجرت کم ہو، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک
ہمارا مشن ہے کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کیا جائے اور قانون کی حکمرانی ہو
لاہور پاکستان(نمائدہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، 70سالوں بعد ہم نے ایک ہزار بستروں پر مشتمل نشتر-2 ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا ا س کے علاوہ لیہ، کوٹ ادو، ڈی جی خان، بھکر، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی مختلف ہسپتال بنائے جارہے ہیں یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کیا جائے اور قانون کی حکمرانی ہو۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی اور صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ بڑے شہروں کی طرف عوام کی ہجرت کم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب کو اس قابل بنادیں گے کہ یہاں کی عوام کے ساتھ ساتھ باہر سے لوگ یہاں تعلیم حاصل کرنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ رجیم چینج نے ہمارے تمام منصوبوں کو ختم کیا، معاشی حالت خراب کی اور عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اقبال ساجد کے مطالبہ پر انہوں کہا کہ آئندہ مالی سال میں ہسپتال کو 371بستروں کے تناسب سے بجٹ فراہم کیا جائے گا، مختلف آپریشن کیلئے جدید مشینری فراہم کی جائے گی، پیڈ ہاؤس جابز کے لئے بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ممبر صوبائی اسمبلی عبدالحئی خان دستی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ہیلتھ کارڈ منصوبہ ایک انقلابی اقدام ہے، بچوں کی دماغی صحت، صحت مند غذا، پڑھا لکھا پنجاب اور صحت مند معاشرہ ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم او رصحت کی سہولیات کی فراہمی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، صحت مند او ر توانا پاکستان ہمارا نعرہ ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر محمد اختر ملک نے ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی عبدالحئی خان دستی، میاں علمدار عباس قریشی، عون حمید ڈوگر، ڈی جی صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر اقبال، ڈاکٹر شاہد مگسی، سی ای او صحت ڈاکٹر امیر بخش، ایم ایس ڈاکٹر اقبال ساجد، انجمن تاجران سے ملک جاوید اختر، سید امیر حسن بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی بھرتی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو تمام معاملات کی تحقیق کرے گی او راپنے رپورٹ پیش کرے گی، ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈاکٹر مقبول عالم نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہسپتال کی بنیاد 1912میں رکھی گئی 1953میں اس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کا درجہ دیا گیا۔ اس وقت یہ ہسپتال 371بستروں پر مشتمل ہے، ہسپتال میں تمام شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔