سیلاب زدگان کو امدادی رقوم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اجلاس پی ڈی ایم اے کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا
سیلاب سے متاثرہ رجسٹرڈ افراد میں رقوم کی تقسیم کا عمل شفاف اور منظم طریقے سے جاری ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل پراونشینل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید کی زیرصدارت حکومت پنجاب کیطرف سے سیلاب زدگان کو امدادی رقوم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اجلاس پی ڈی ایم اے کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے ڈاکٹر فیصل سلیم بینک آف پنجاب کے افسران سمیت دیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرز ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سمیت دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔بینک آف پنجاب اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے انتظامی افسران نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو بریفنگ دیتے ہوئے درپیش مسائل سے آگاہ بھی کیا اور بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ رجسٹرڈ افراد میں رقوم کی تقسیم کا عمل شفاف اور منظم طریقے سے جاری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے فیصل فرید نے بینک آف پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مالی امداد کی تقسیم میں درپیش ایشوز کو فی الفور دور کرکے امدادی رقوم کی فوری دستیابی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کو بروقت مکمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب 55 ہزار سیلاب متاثرین میں 12 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کر رہی ہے ، ابتک 23339 سیلاب متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مالی امداد کی تقسیم کا عمل رواں ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ، حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے اور پی ڈی ایم اے نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر صاف اور شفاف سروے کو بروقت یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ڈیجٹل طریقہ کار سے بینک آف پنجاب کے ذریعے مالی امداد تقسیم کی جا رہی ہے ، ڈیجٹل طریقے سے ترسیل کی جانے والی مالی امداد میں کسی قسم کی کرپشن نہیں کی جا سکے گی اور متاثرہ لوگوں تک حکومتی امداد پنچائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امدادی رقوم وصول کرنے والے سیلاب متاثرین کا تمام تر ڈیٹا ویڈیو سمیت محفوظ کیا جا رہا ہے اور اب سروے میں رجسٹرڈ سیلاب متاثرین پاکستان بھر میں بینک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ سے مالی امداد وصول کر سکتے ہیں ، پنجاب حکومت کی ہدایت پر بینک آف پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ قصبوں میں بینک آف پنجاب کے بوتھ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں پر سیکورٹی کے فول پروف انتطامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔