پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15روپے فی لٹر تک کمی کا امکان
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے
اسلام آباد:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق اوگرا نے آئندہ 15روز کے لئے قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر تیار کر لیا، گزشتہ 15دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، برینٹ آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہو کر 76ڈالر فی بیرل تک رہی، حکومت نے عالمی مارکیٹ سے 76ڈالر فی بیرل میں تیل خریدا،اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق دو تجاویز تیار کی ہیں،عالمی مارکیٹ کے تناسب سے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لٹر تک کمی کی کا سکتی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 10روپے تک کمی کی جا سکتی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل 15روپے اور مٹی کے تیل میں 13روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے، جی ایس ٹی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں، پیٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے، پیٹرولیم لیوی 50روپے فی لٹر کی آخری حد تک بڑھائی جا چکی ہے، اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری بھجوا دی گئی، وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد (آج) فیصلہ کرے گی۔