گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی بروقت ادائیگی،کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے، چیف سیکرٹری کا حکم
حکومت کسانوں کے حقوق کا تحفظ کریگی، شوگر ملوں کیخلاف غیر قانونی کٹوتیوں اور ادائیگیوں میں تاخیر پرسخت ایکشن لیا جائیگا۔ عبداللہ سنبل
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی بروقت ادائیگی اوریوریا کھاد کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔
انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اجلا س میں زراعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور اورمتعلقہ افسرا ن نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کسانوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریگی اور شوگر ملوں کیخلاف غیر قانونی کٹوتیوں اور ادائیگیوں میں تاخیر پرسخت ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے یوریا کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی طلب، رسد اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو منظوری صرف قواعد کے مطابق دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران قلیل مدت میں 217ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز کا استعمال کیا گیا، ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کا بروقت استعمال، معیار اور شفافیت کویقینی بنایا جائے۔