ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایمرجنسی اور میڈیکل وارڈ میں صفائی سمیت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا
انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے مفت ادویات کی دستیابی سے متعلق دریافت کیا جس پر مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ مفت ادویات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، صادق آباد اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، خانپور ضلع رحیم یار خان کے اچانک دورے کئے اور دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایمرجنسی اور میڈیکل وارڈ میں صفائی سمیت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے مفت ادویات کی دستیابی سے متعلق دریافت کیا جس پر مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ مفت ادویات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال صادق آباد میں میڈیسن سٹور، مینوئل رجسٹر اور MIMS میں ادویات کے ریکارڈ چیک کیا اور چند بے قاعدگیاں نوٹ کیں جس پر ڈی جی ڈرگز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہسپتال میں ایم آئی ایم ایس اور ادویات کا ریکارڈ چیک کرکے رپورٹ کریں۔HISDU کو بھی پورٹل اور آئی ٹی سسٹم فوری درستگی کرے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی ریویمپنگ کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا اس سلسلے میں پی ڈی PMU کو ہدایت کردی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے کے لئے پرنٹر کا فوری بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں سیکرٹری صحت نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خانپور، ضلع رحیم یار خان کا بھی دورہ کیا اور آؤٹ ڈور اور ریڈلوجی بلاک کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایس ڈی او بلڈنگ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں منصوبوں کو 30 جون 2023 تک ہر حال میں مکمل کیا جائے۔ڈائیلسز یونٹ اور سی سی یو جلد شروع کرنے کے لئے محکمہ صحت نے فنڈز فراہم کردیے ہیں۔ سیکرٹری صحت نے پی ایم یو اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی ریویمپنگ کے لئے سٹرکچرل سٹیبلٹی پر ری ایسسمنٹ (reassessment) کرواکر کام جلد شروع کروایا جائے۔سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔