سیکرٹری ریسکیو 1122 نے ضلع مری میں برفانی طوفان سے نبردآزما ہونے کیلئے ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیا
ڈاکٹررضوان نصیر نے برف باری کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے20 موٹر سائیکلیں فراہم کیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ضلع مری میں برفانی طوفان سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار کئے گئے ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیا تاکہ موسم سرما میں ہنگامی صورت حال کو فوری رسپانڈ کیا جا سکے۔ ضلعی ایمرجنسی افسر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مری میں منعقدہ اجلاس کے دوران سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ایمرجنسی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی مانیٹرنگ افسر ایاز اسلم، ہیڈ آف انفارمیشن اینڈ کمیونٹی سیفٹی مس دیبا شہناز، ریجنل ایمرجنسی افسر ڈاکٹر عبدالرحمن، ضلعی ایمرجنسی افسر انجینئر صبغت اللہ، کنٹرول روم انچارج اور ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر مری بھی شریک تھے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے برفانی طوفان کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی عملے کی جانب سے فرضی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ سٹر ٹیجک مقامات پرریسکیورزاور کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تعیناتی کا مقصد برفانی طوفان اور برف باری میں ہنگامی صورت حال کوبروقت اورمؤثر طور پر رسپانڈ کرنا تھا۔ ضلع مری ریسکیورز اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے مشقوں میں بھرپور حصہ لیا۔سیکرٹری نے مری میں مختلف مقامات پر قائم کیے گئے 14 اسٹریٹجک ایمرجنسی پوائنٹس اور ایمرجنسی سہولت مراکز پر ریسکیورز اور ایمرجنسی گاڑیوں کی تعیناتی کا مشاہدہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ضلعی ایمرجنسی افسر مری کو ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران برفانی طوفان یا کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے متعلق ریسکیو سروس کا ردعمل فوری اور پیشہ ورانہ ہونا چاہیے۔ موٹر بائیک ریسکیورز کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے ساتھ اسٹریٹجک پوائنٹس سے رسپانڈ کریں گے کیونکہ موسم سرما کے دوران برف اور ٹریفک جام کی وجہ سے ریسکیو اسٹیشنوں سے رسپانڈکرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے ضلعی ایمرجنسی افسر کو سخت سردی کے موسم میں مری اور راولپنڈی میں کوڈ ریڈنافذکرنے کی بھی ہدایت کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ٹول فری ایمرجنسی نمبر 1122 ڈائل کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کال ہی بروقت رسپانڈ کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔