دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پولیس انتہائی چوکس رہے اور تھانوں سمیت تمام پولیس دفاتر کی سکیورٹی بڑھا دی جائے، سربراہ لاہور پولیس
سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پیز آپریشن اینڈ انوسٹی گیشن،ایس ایس پی ایڈمن،ایس پی سکیورٹی،ایس پی ہیڈکوارٹرز، تمام ڈویژنل ایس پیز،ایس پیز ڈولفن سکواڈ،سی آئی اے،سی آر او،اے وی ایل ایس،اے ایس پیز سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے امن و امان اور کرائم کنٹرول کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔سربراہ لاہور پولیس نے تمام پولیس افسران کو ہر جمعتہ المبارک کے دن اپنے دفاتر میں اردل روم منعقد کرکے تقرر و تبادلوں سمیت ملازمین کے جائز مسائل کی شنوائی کی ہدایت کی۔غلام محمود ڈوگر نے شہریوں اور سائلین کے لیے انصاف کی فراہمی ان کے گھر کی دہلیز پر یقینی بنانے کے لئے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کے انعقاد کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران سائلین کے مسائل شکایات کی براہ راست دادرسی کریں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پولیس انتہائی چوکس رہے اور تھانوں سمیت تمام پولیس دفاتر کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سماج اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے انٹیلیجنس بیسڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شوٹرز،گینگز، بدمعاشوں اورڈاکوؤں کے خلاف اب ہارڈ پولیسنگ اپنانا ہو گی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ڈورناکنگ بہترین پولیسنگ ہے۔سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت کی کہ مظلوم طبقہ کی حتی الوسع مدد کریں۔شاہراہوں اور پبلک مقامات پر پٹرولنگ نیز پولیس وزیبلٹی مزید بہتر بنائی جائے۔ڈولفن سکواڈ کا فرسٹ ریسپانسڈر پٹرولنگ پلان،بیٹ سسٹم اور چیکنگ ایس او پیز ازسرنو ترتیب دیں۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ لاہور پولیس کے انسدادی اور آپریشنل سٹریٹجی کی وجہ سےگزشتہ 06 ماہ میں مجموعی کرائم 18 فیصد نیچے آیا ہے۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل نے کہا کہ سنگین مقدمات میں چالاننگ کی شرح 33فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد ہوئی ہے۔قتل کی 65 فیصد وارداتیں ٹریس ہوئیں جبکہ سنگین مقدمات کے 366 چالان مکمل ہوئے۔سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت کی کہ جرائم کے سدباب کے لیے اشتہاری عادی مجرموں عدالتی مفروروں کو بہرصورت شکنجے میں لانا ہو گا۔ سنگین جرائم کے مقدمات میں زیرالتوا چالانوں کو فوری مکمل کریں۔تمام پولیس افسران اور اہلکار سوشل میڈیا پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کریں۔لوکل اینڈ سپیشل لاش کے تحت انسدادی کاروائیوں میں تیزی لائیں۔غلام محمود ڈوگر افسران نے پولیس افسران کو ماتحت عملہ کے دکھ درد بانٹنے اور ان کی بچیوں کے شادی بیاہ میں شرکت کرنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے حکم دیا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ،آتش بازی،ون ویلنگ، ہلڑ بازی،ہر گز نہ ہونے دیں۔ہوائی فائرنگ ون ویلنگ کے پچھلے سالوں کے چالان یافتہ ملزمان سے ضمانتی مچلکے لیں۔انہوں نےنیو ایئر نائٹ پر ٹریفک رواں رکھنے کے مربوط پلان تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔