مشرق وسطیٰ

چیف سیکرٹری کا مردم شماری کیلئے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم

مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے، افسران اور عملہ تفویض فرائض قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں۔ عبداللہ خان سنبل

چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مردم شماری کیلئے صوبہ میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری کے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کی۔اجلاس میں پروونشل سینسس کمشنر،کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ پولیس اور عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ ممبر سپورٹ سروسزوفاقی ادارہ شماریات سرور گوندل،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے اورملک کے مستقبل کے سیاسی واقتصادی منظر نامہ کا انحصار بڑی حد تک مردم شماری سے حاصل شدہ ڈیٹا پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور عملہ مردم شماری کے کام کوقومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں۔انہوں نے مردم شماری کو کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے صوبائی محکموں کو وفاقی ادارہ شماریات سے تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مردم شماری کیلئے اضلاع میں فیلڈ سٹاف کی ٹریننگ کیلئے درکارسہولیات فوری فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے ملازمین کو مردم شماری کی ڈیوٹی تفویض کرنے سے تعلیمی سرگرمیاں کسی صورت متاثر نہ ہوں۔
ممبر سپورٹ سروسزادارہ شماریات سرور گوندل نے اجلاس کو ڈیجیٹل مردم شماری کے ورک پلان بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے 33اضلاع میں ڈیجیٹل مردم شماری کا کام بطور پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے،صوبہ پنجاب میں مردم شماری کیلئے مجموعی طور پر 61ہزار فیلڈ سٹاف فرائض سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 328 ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فیلڈ عملے کی ٹریننگ کا آغاز سات جنوری سے ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ شماریات کا تربیت یافتہ عملہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت کیلئے تعینات کر دیا گیا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button