
سال نو سے اب تک سنگین جرائم میں ملوث30 گینگز کے67ممبران گرفتار کئے گئے، افضال احمد کوثر
لاہورپولیس آپریشنز ونگ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثرنے کہا ہے کہ لاہور پولیس شر پسند وجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پرُ عزم ہے۔شہر ِ لاہور کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ افضال احمد کوثرنے بتایا کہ سال نو سے اب تک سنگین جرائم میں ملوث30 گینگز کے67ممبران گرفتار کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 93لاکھ 67ہزار سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمدکیا گیا۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران339ملزمان گرفتارکر کے 04 کلاشنکوف،26رائفلز،17 بندوقیں،296 ریوالوروپسٹلزاور2461گولیاں برآمدکی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہاکہ لاہور پولیس صوبائی دارلحکومت کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف مختلف کاروائیوں کے دوران 354 منشیات فروش گرفتار کئے گئے۔سنگین جرائم میں مطلوب78سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار اور369 عدالتی مفروران حراست میں لئے گئے۔ افضال احمد کوثر نے بتایاکہ قمار بازی میں ملوث114ملزمان کے قبضہ سے داؤ پر لگی06لاکھ18ہزار روپے سے زائد رقم برآمدکی گئی۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر103،ون ویلنگ 105، گداگری 103، پرائس کنٹرول پر 197اورلاؤڈسپیکرایکٹ کے تحت176ملزمان گرفتار کئے گئے۔