
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب پٹواریوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں، لاہور ہائی کورٹ
محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے حکام نے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کی طرف جاری کردہ احکامات پر پٹواریوں کی طرف سے معاوضے پر پرائیویٹ افراد کی خدمات حاصل کرکے سرکاری امورسرانجام دینے کا سختی سے نوٹس لیا ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے حکام نے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کی طرف جاری کردہ احکامات پر پٹواریوں کی طرف سے معاوضے پر پرائیویٹ افراد کی خدمات حاصل کرکے سرکاری امورسرانجام دینے کا سختی سے نوٹس لیا ہے حکام کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ معزز عدالت کے احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ندیم سرور نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر ہفتے مذکورہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے ہیڈ کوارٹر آفس کو رپورٹس بھجیں۔
اس ضمن میں پہلے ہفتے کی رپورٹ 24جنوری تک ہیڈ کوارٹر آفس بھجوائی جائے گی۔ واضح رہے کہ لاہورہائیکورٹ بہاولپور بنچ بہاولپور نے رفیق احمد کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکم جاری کیا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب ان پٹواریوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں جو اپنے سرکاری امورکی انجام دہی کے لئے معاوضے پر پرائیویٹ افراد کی خدمات حاصل کریں گے۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا اگر مستقبل میں کوئی ایسا واقعہ پیش آیا تو ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کے خلاف بھی بطور سہولت کار کارروائی عمل میں لائیں۔