
ڈرگز کنٹرول ونگ مارکیٹوں میں جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے اپریشن تیز کرے، سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد
پی کیو سی بی کی میٹنگ میں فارماسوٹیکل مینوفیکچررز کے 37 کیسز، ڈرگز ری ٹیسٹنگ کی 39 درخواستیں اور ڈرگ کورٹ کے فیصلے اجلاس کا ایجنڈا میں شامل تھے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں تمام فیصلے ڈرگ ایکٹ اور عدالت کی ہدایات کی روشنی میں کئے گئے ہیں۔یہ بات سیکرٹری صحت نے پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ کے 256 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز کنٹرول ڈاکٹر قلندر خان، ڈی جی ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، چیف ڈرگز کنٹرول اظہر جمال سلیمہ سمیت کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔ پی کیو سی بی کی میٹنگ میں فارماسوٹیکل مینوفیکچررز کے 37 کیسز، ڈرگز ری ٹیسٹنگ کی 39 درخواستیں اور ڈرگ کورٹ کے فیصلے اجلاس کا ایجنڈا میں شامل تھے۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہر ایک کیس پر فیصلہ سے قبل بورڈ اراکین سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈرگز کنٹرول ونگ مارکیٹوں میں جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے اپریشن تیز کرے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ اجلاس میں 10 کیسز میں استغاثہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ معمولی نوعیت کے 19 کیسز میں وارننگ دی جائیگی۔8 کیسز زیر التوا، ایک کیس کے لئے FIRدرج کرانے اور فارماسوٹیکل مینوفیکچررز کی درخواست پر 12 کیسز میں ڈرگ سیمپلز NIH بھیجے جائیں گے۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ 07 کیسز مسترد کئے گئے۔ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا کہ پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں تمام فیصلے ڈرگز ایکٹ اور عدالت کی ہدایات کی روشنی میں کئے گئے ہیں۔