لیسکو کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزازمیں تقریب۔پینشن پیپرز،چیکس اور تحائف تقسیم کیئے گئے۔
چیف ایگزیکٹوچوہدری محمد امین نے ریٹائرڈ ملاز مین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام ملازمین ہمارے لیئے قابل عزت اور محترم ہیں اور ان کی عزت کے ساتھ ریٹائرمنٹ پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کے ماہ جنوری میں ریٹائرہونے والے ملازمین کے اعزازمیں ہیڈ کوارٹرمیں تقریب منعقد کی گئی۔ ریٹائرہونے والے ملازمین کو پنشن پیپرزاورواجبات کے چیکس دینے کی تقریب میں چیف ایگزیکٹو لیسکو چوہدری محمد امین اور ایڈمن ڈائریکٹر میاں محمد افضل نے شرکت کی۔چیف ایگزیکٹوچوہدری محمد امین نے ریٹائرڈ ملاز مین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام ملازمین ہمارے لیئے قابل عزت اور محترم ہیں اور ان کی عزت کے ساتھ ریٹائرمنٹ پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا ایک مقصد آپ کے کمپنی کے لئے دی گئی خدمات کو سراہنا ہے کیونکہ آپ نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اس کمپنی کے لئے وقف کیا اور بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر میں آپ کی جانب سے کمپنی کی ترقی کے لئے کی گئی کاوشوں کا شکرگزار ہوں۔ آپ کی ریٹائرمنٹ کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ اس ادارے سے آپ کا تعلق ختم ہوگیا بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آپ ہمارے لئے اسی طرح عزت کے قابل ہیں اور آپ کا اور ہمارا رشتہ پہلے سے بھی ذیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔ ایڈمن ڈائریکٹر میاں محمد افضل نے بتایا کہ ماہ جنوری کے دوران کل 30ملازمین ریٹائر ہوئے جنہیں آج پینشن کی دستاویزات دی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لیسکو ایک ملازم دوست کمپنی ہے اور یہ وہ واحد بجلی تقسیم کار کمپنی ہے جو اپنے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی ان کے پنشن پیپرز اور واجبات کے چیکس ان کے حوالے کرتی ہے تاکہ انہیں بعد ازاں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آخر میں لیسکو چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین کی جانب سے ملازمین کو پنشن پیپرز/چیکس اور تحائف دئیے گئے۔