امپورٹڈ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد سے 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ فیاض الحسن چوہان
ملک میں گزشتہ دس ماہ سے معاشی دہشت گردی چل رہی ہے جس کے باعث پاکستانی عوام آٹا 58 سے 140 روپے میں، اور تیل اور گھی 300 روپے سے 700 روپے تک خرید رہی ہے
4 پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپریل سے پاکستان تحریکِ انصاف کے قائدین کے خلاف ایک داستان ہزیمت جاری ہے جو شہباز گل سے شروع ہو کر اعظم سواتی، فواد چوہدری، شیخ رشید اور تمام پی ٹی کہ آئی رہنماؤں کے خلاف پہنچ چکی ہے جہاں ملک سے وفا کرنے کے الزام میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کچہری میں شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ دس ماہ سے معاشی دہشت گردی چل رہی ہے جس کے باعث پاکستانی عوام آٹا 58 سے 140 روپے میں، اور تیل اور گھی 300 روپے سے 700 روپے تک خرید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد سے 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس نے عوام کا صرف جینا ہی نہیں، مرنا بھی مشکل کر دیا ہے۔ دوسری دہشت گردی اس رجیم چینج سازش کا حصہ ہے جس میں پولیس لائن دھماکے سے لے کر ملک بھر میں دہشت گردانہ کاروائیاں جاری ہیں۔ ان کاروائیوں کا مقصد پاکستان میں دوبارہ بدامنی پھیلانا، ڈرون حملے کرانا، بیرونی طاقتوں کے اڈے بنانا ہے تا کہ عالمی طاقتیں اپنا ننگا اور گندا کھیل یہاں کھیل سکیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اسی ملک دشمن سازش کے خلاف عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ 13 نالائق، نکھٹو اور امپورٹڈ گیدڑ گزشتہ دس ماہ سے ایک ارب ڈالر کے لیے ہر دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ پھیلا رہے ہیں۔ اگر یہ اس ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو بیرونی ممالک کے بنکوں میں پڑے اپنے اربوں ڈالر میں سے کچھ پیسے واپس لے آتے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول "بلاوجہ” بھٹو بیرونی دوروں پر اربوں لگا رہا ہے جن کا حاصل وصول صفر ہے.