
ڈی جی ایل ڈی اے عامراحمدخان کی ہدایت پرسکولزکے زیراہتمام”یوم یکجہتی کشمیر”منایاگیا
کشمیرکی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریریں کی گیئں اورخصوصی واک کا اہتمام کیا گیا مودی حکومت کی غاصبانہ پالیسیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔مقررین
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل عامر احمد خان کی ہدایت پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل ڈی اے کے تمام سکولز میں مختلف تقاریب کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پربھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریریں کی گیئں اورخصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک کا آغاز میاں پلازہ جوہر ٹاؤن سے ہوااور یہ شوکت خانم ہسپتال پر اختتام پذیرہوئی۔اس موقع مقررین نے کہاکہ نریندرمودی حکومت کی غاصبانہ پالیسیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بھارتی مظالم کابڑی جرات کے ساتھ مقابلہ کرنے پردنیابھرکے مسلمان نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
واک کے شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت اورکشمیری حریت پسندوں کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف بینرزاورپلے کارڈذبھی اٹھارکھے تھے۔شرکاء نے کشمیریوں کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اورکشمیرکی آزادی کے لیے دعامانگی۔واک میں ایل ڈی اے کے تمام اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے ڈائریکٹر ایجوکیشن ایل ڈی اے غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں شرکت کی۔