کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 3 فروری تک زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار جاری کر دئیے ہیں جس کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 17 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔
ایس بی پی کے اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی غیر ملکی قرض کی ادائیگی کی وجہ سے ہوئی، 3 فروری کو پاکستان کے زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 8 ارب 53 کروڑ 96 لاکھ ڈالر تھے۔
سٹیٹ بینک کے پاس زر مبادلہ ذخائر 2 ارب 91 کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس زر مبادلہ کے ذخائر 5 ارب 62 کروڑ 29 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔