
کھیل
ٹینس سٹار کی سیلفی کی فرمائش کرنے والے فین سے شادی کرنے کی تیاریاں
برطانوی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس‘ کے مطابق ٹینس سے وقفے کے دوران گاربین موگوروزا نے اپنی منگنی کا اعلان کیا ہے۔
ہسپانوی ٹینس سٹار گاربین موگوروزا نے سیلفی کی فرمائش کرنے والے فین کے ساتھ شادی کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس‘ کے مطابق ٹینس سے وقفے کے دوران گاربین موگوروزا نے اپنی منگنی کا اعلان کیا ہے۔
سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار کھیل سے کچھ وقت کے لیے دُور ہیں اور اب وہ اس وقفے کو مزید بڑھائیں گی۔
سپین سے تعلق رکھنے والی گاربین 2021 سے بطور گرل فرینڈ آرتھر کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔
29 سالہ کھلاڑی 2016 میں فرینچ اوپن اور پھر اس سے اگلے سال ومبلڈن ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد ورلڈ نمبر ون بنیں، جس سے انہوں نے مستقبل میں ہال آف فیم میں اپنی جگہ کو مضبوط کیا۔
وہ ابھی ٹینس سے وقفہ لے رہی ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال موسم گرما کے گرینڈ سلیم ایونٹس میں حصہ نہیں لیں گی۔
منگنی کے اعلان کے بعد موگوروزا کے پاس اپنے آپ کو مصروف رکھنے کا کافی وقت ہوگا کیونکہ وہ اب اپنی شادی کی تیاری کر رہی ہیں۔
اپنے منگیتر سے پہلی مرتبہ حیرت انگیز طور پر ملنے کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ’میرا ہوٹل سینٹرل پارک کے قریب تھا۔ میں بور ہو رہی تھی تو میں نے سوچا کیوں نا چہل قدمی کرنے جاؤں۔
میں باہر گئی جہاں میری ان سے ملاقات ہوئی۔ وہ اچانک سے مُڑے اور کہا کہ ’یو ایس اوپن کے لیے نیک تمنائیں۔‘ میں نے یہ سوچنا شروع کر دیا کہ ’یہ کتنا ہینڈسم ہے۔‘
ان کے منگیتر آرتھر بورجس نے ان پر اچھا تاثر چھوڑا جس کے بعد وہ دونوں نیو یارک کے سینٹرل پارک میں چہل قدمی کے دوران ملتے رہے۔ بورجس نیو یارک میں ٹام فورڈ کے لیے کام کرنے آئے تھے۔
