
جی20 میں شرکت کرنے والے رہنماؤں کو انڈین وزیراعظم نے کیا تحائف دیے
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اِن تحائف میں سندربان کا شہد، کشمیری زعفران، بنارسی شال، اراکو کافی، دارجیلنگ کی چائے سمیت کئی تحائف شامل ہیں جن کے ذریعے انڈیا کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔
نئی دہلی میں منعقد ہونے والے تاریخی جی20 سمٹ میں جہاں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی اور عالمی رہنماؤں کے درمیان کئی خوشگوار لمحات دیکھنے میں آئے وہیں نریندر مودی کی جانب سے عالمی رہنماؤں کو تحائف بھی دیے گئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اِن تحائف میں سندربان کا شہد، کشمیری زعفران، بنارسی شال، اراکو کافی، دارجیلنگ کی چائے سمیت کئی تحائف شامل ہیں جن کے ذریعے انڈیا کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔
وزیراعظم مودی کی جانب سے سپین کی خاتونِ اول مارا بیوننا گومز فرنینڈس کو بنارسی سِلک سٹول (شال) کا تحفہ دیا گیا۔ یہ شال آبنوس کی لکڑی سے بنے ہوئے ڈبے میں پیش کی گئی جسے ریاست کیرالہ کے کاریگروں نے بنایا ہے۔
عالمی رہنماؤں کو دیے جانے والے تحائف میں سے ایک تحفہ شیشم کی لکڑی سے بنے ہوئے صندوق کا بھی تھا۔ شیشم کی لکڑی کا یہ صندوق ہاتھ سے بنا ہوا ہے جس پر پیتل کی خوبصورت دھاریاں بنی ہوئی تھیں۔
نریندر مودی نے جی20 سمٹ پر انڈیا آئے مہمانوں کو کمشیری زعفران کا بھی تحفہ دیا۔ کشمیری زعفران دنیا بھر میں مہنگا اور نہایت لذیذ مصالحہ سمجھا جاتا ہے۔ نسل در نسل کی ثقافت اور تہذیب میں موجود کشمیری زعفران کی کھانے پکانے اور دوائیوں میں استمعال کی خاص اہمیت ہے۔
ان ہی تحائف میں سے ایک تحفہ پشمینہ شال کا بھی تھا۔ یہ شال کشمیر میں بنائی جاتی ہے جو کہ رؤسا کی پہچان ہے۔ یہ شال مخصوص ہمالیائی بکریوں کی کھال سے تیار کی جاتی ہے۔ وزیراعظم مودی کی جانب سے پشیمینہ شال کا تحفہ برازیل کے صدر لوئیز لولا ڈی سلوا کی اہلیہ روزن گیلا ڈی سلوا کو پیش کیا گیا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں میزبان وزیراعظم کی جانب سے مہمانوں کو سندربان کے قیمتی شہد کا تحفہ بھی دیا گیا ہے۔ سندربان کے جنگلوں میں بننے والا یہ شہد نایاب اور خالص ہوتا ہے۔
جی20 سمٹ میں آئے عالمی رہنماؤں کو اراکو کافی کا تحفہ بھی دیا گیا۔ اراکو کافی انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں قدرتی طریقے سے پیدا ہونے والی کافی ہے۔ اس کافی میں وادی اراکو کی مٹی کی تاثیر ملی ہوتی ہے جو اسے بے مثال بنا دیتی ہے۔ یہ کافی اپنی رنگت اور ذائقوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔
اسی طرح وزیراعظم مودی نے موریشیس کی خاتون اول کو اکت شال کا تحفہ دیا۔ اکت شال انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں بنائی جاتی ہے۔ اکت شال سلک یا کاٹن کے کپڑے سے بنائی جاتی ہے جس میں مقامی کاریگری کا خوب استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے موریشیس کی خاتون اول کو یہ تحفہ ساگوان کی لکڑی سے بنے خوبصورت باکس میں پیش کیا جسے گجرات کے کاریگروں نے بنایا تھا۔
جی20 سمٹ میں آئے عالمی رہنماؤں دیے جانے والے تحائف میں ایک تحفہ دارجیلنگ کی چائے بھی تھا۔ دارجیلنگ کی چائے دنیا بھر میں مقبول ہے۔ مغربی بنگال میں واقع پہاڑوں پر اگنے والی اِس چائے کا ذائقہ اور خوشبو سحر طاری کرنے والی ہوتی ہے۔